امریکا اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں کی تعداد محدود رکھنے والے آخری معاہدے کی میعاد ختم ہوگئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا اور روس کے مابین جوہری ہتھیاروں کا معاہدہ ختم ہونے سے دنیا میں نئی اسلحہ دوڑ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا روس جوہری معاہدہ، نیو اسٹارٹ کی میعاد ختم ہونا افسوسناک ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ امریکا روس کے ساتھ اسٹریٹجک استحکام پر بات چیت دوبارہ شروع کرے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے معاہدے کے خاتمے کو عالمی امن و سلامتی کے لیے ایک نہایت سنگین لمحہ قرار دیتے ہوئے امریکا اور روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلا تاخیر کسی متبادل فریم ورک پر مذاکرات شروع کریں۔
واضح رہے کہ اسٹریٹجک آرمز ریڈکشن ٹریٹی، جسے نیو اسٹارٹ بھی کہا جاتا ہے امریکا اور روس کے درمیان 2010 میں طے پایا تھا۔
یہ معاہدہ ان چند اہم عالمی معاہدوں میں شامل تھا جن کا مقصد تباہ کن جوہری جنگ کو روکنا تھا۔
معاہدے کے ختم ہونے کے ساتھ ہی واشنگٹن اور ماسکو کے درمیان اسلحہ کنٹرول کے اس تعاون کا بھی عملی طور پر خاتمہ ہو گیا ہے، جس نے سرد جنگ کے اختتام میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
نیو اسٹارٹ معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے لیے تعینات اسٹریٹجک جوہری وارہیڈز کی حد 1 ہزار 550 مقرر تھی، جبکہ ڈیٹا کے تبادلے، پیشگی اطلاعات اور سائٹ پر معائنوں جیسے شفافیت کے اقدامات بھی شامل تھے۔