میانمار میں آنے والے قیامت خیز زلزلے سے ہلاک افراد کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق میانمار اور تھائی لینڈ میں زلزلے سے اموات کی تعداد 2 ہزار 719 ہو گئی ہے۔
میانمار کے شہر ینگون میں زلزلے سے 4 ہزار 521 افراد زخمی اور 400 سے زائد تاحال لاپتہ ہیں۔
میانمار میں آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے کے 3 دن بعد بھی ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو آپریشن کو بجلی کی بندش، ایندھن کی قلت اور ناقص کمیونیکیشن جیسے مسائل کی وجہ سے مزید مشکلات کا سامنا ہے۔
بھاری مشینری کی کمی کے باعث لوگ 40 ڈگری سینٹی گریڈ میں اپنے ہاتھوں سے ملبہ ہٹا کر زندہ افراد کو تلاش کرنے پر مجبور ہیں۔
میانمار کے آرمی چیف کا کہنا ہے کہ زلزلے سے اموات کی تعداد 3 ہزار سے زائد ہونے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعے 28 مارچ کو میانمار میں 7.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے کے اثرات تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں بھی محسوس کیے گئے تھے جس سے فلک بوس عمارتیں چند لمحوں میں ملبے کا ڈھیر بن گئی تھیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میانمار میں جمعے کے روز 7.7 اور 6.4 کی شدت کے یکے بعد دیگرے 2 زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 محسوس کی گئی، جس کا مرکز میانمار میں 10 کلو میٹر زیرِ زمین تھا۔