غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے رفع میں اجتماعی قبر سے 15 لاپتہ امدادی کارکنوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے میں اجتماعی قبر سے برآمد ہونے والی لاشیں ہلالِ احمر، فلسطینی سول ڈیفنس اور اقوامِ متحدہ کے امدادی اور ایمرجنسی ورکرز کی ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے امدادی سربراہ ٹام فلیچر کا کہنا ہے کہ اِن لوگوں کو اسرائیلی فوج نے اُس وقت جان سے مار دیا تھا جب وہ اپنی زندگیاں بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔
اُنہوں نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لاشیں تباہ شدہ امدادی گاڑیوں کے قریب دفن تھیں۔
ٹام فلیچر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے عالمی امدادی کارکنوں کی ہلاکت پر براہِ راست کوئی تبصرہ نہیں کیا، صرف اتنا کہا کہ یہ فعال جنگی زون ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسرائیل نے اِس بات کا بھی جواب نہیں دیا کہ لاشیں ریت میں کیوں دفن پائی گئیں اور گاڑیاں تباہ شدہ حالت میں کیوں ملیں؟