بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کی پہلی محبت کے حوالے سے ایک نئی داستان سامنے آگئی۔
اب تک امیتابھ بچن کی جیا بچن سے شادی اور ساتھی اداکارہ ریکھا کے ساتھ محبت کی داستان بھارتی میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی رہی ہے۔
بھارتی مصنف اور فلمی مورخ حنیف زویری نے اپنے پوڈکاسٹ ’میری سہیلی‘ میں انکشاف کیا کہ جیا بچن سے شادی کرنے اور ریکھا سے قریبی تعلقات قائم ہونے سے بہت پہلے جب امیتابھ کولکتہ میں ملازمت کرتے تھے تو اس وقت ان کی ملاقات مایا نامی لڑکی سے ہوئی اور اسے وہ اپنا دل دے بیٹھے تھے لیکن تب وہ صرف 250 سے 300 روپے ماہانہ کماتے تھے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ مایا برٹش ایئرویز میں ملازم تھیں اور دونوں کے درمیان رشتہ کافی عرصے تک چلا، مایا بھی امیتابھ بچن سے بہت پیار کرتی تھیں اور ان دونوں کی اکثر ملاقات ہوتی تھی لیکن جب امیتابھ نے اداکار بننے کا فیصلہ کیا اور ممبئی پہنچے تو ان دونوں کا رشتہ پیچیدہ ہونے لگا۔
حنیف زویری نے بتایا کہ ممبئی میں امیتابھ بچن اپنی والدہ تیجی بچن کی ایک دوست کے بنگلے میں رہنے لگے اور مایا وہاں بھی ان سے ملنے آتی تھیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ امیتابھ بچن ڈرتے تھے کہ کہیں والدہ کو مایا کے ساتھ کے تعلقات کا پتہ نہ چل جائے اور یہی وہ وقت تھا جب انور علی نے امیتابھ بچن کو اپنے بھائی محمود علی کے گھر میں پناہ دی۔
حنیف زویری نے بتایا کہ امیتابھ شرمیلے تھے جبکہ مایا بہت بولڈ تھیں اس لیے انور علی کے مشورے پر اُنہوں نے مایا سے دوری اختیار کرلی اور پھر یہ رشتہ ختم ہوگیا۔