میٹ پولیس کو بجٹ میں 260 ملین پاؤنڈ کی کمی کے سبب 17 سو افسران سے محروم ہونا پڑے گا، رائل پارکس پولیس ختم کرنا پڑے گی اور اسکولوں کےلیے تعینات افسران سمیت دیگر شعبوں میں افسران کی تعداد کو بھی کم کرنا پڑے گا۔
گزشتہ برس کے اختتام پر میٹ پولیس کے کمشنر سر مارک رولی نے انتباہ کیا گیا کہ بجٹ کی کمی کے سبب 2 ہزار 300 افسران کو کم کیا جاسکتا ہے، تاہم مرکزی حکومت اور میئر کی طرف سے رقم موصول ہونے کے باوجود مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔
میٹ پولیس بچت کی خاطر کم افراد کو بھرتی کرنے اور چھانٹی کرنے کے بجائے چھوڑ کر جانے والوں کی جگہ نئے افراد کو بھرتی نہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
میٹ پولیس کا کہنا ہے کہ کٹوتیوں کے باوجود وہ نیبرہڈ پولیسنگ، عورتوں اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے انسداد کی سروسز اور فورس میں اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی۔
میٹ پولیس کے مطابق بجٹ میں کمی کے باوجود فرنٹ لائن افسران کی تعداد کو برقرار رکھنے کیلئے جو مجوزہ منصوبہ بنایا گیا ہے اس کے تحت رائل پارک فورس کو ختم، اسکولوں کی تعینات افسران میں کمی، فرانزک کے شعبہ میں 10 فیصد کمی، ہسٹورک کرائم ٹیم میں 11 فیصد کمی، گھڑ سوار پولیس میں 25 فیصد کمی، ڈاگ ٹیم میں 7 فیصد کمی، فرنٹ کاؤنٹر کھولنے کے اوقات میں کمی کے علاوہ ممکنہ طور پر فلائنگ اسکواڈ سے اسلحہ لیا جانا بھی شامل ہے۔
فورس کے مطابق اس نے 32 ملین پاؤنڈ کی اضافی رقم اس مقصد کےلیے مختص کی ہے کہ ان کٹوتیوں میں کمی کی جاسکے۔
میٹ پولیس کا کہنا ہے کہ کٹوتیوں سے پُرعزم افسران پر اثر پڑتا ہے، یہ کٹوتیاں میٹ کو سٹی ہال کی طرف سے 1.6 بلین پاؤنڈ کی ریکارڈ فنڈنگ کے باوجود کی جارہی ہیں۔ سٹی ہال کے مطابق فنڈنگ سے 900 سے زائد نیبرہڈ افسران کی نوکری محفوظ رہے گی، مئیر لندن صادق خان کی فنڈنگ کے بحران کا ذمہ دار گزشتہ حکومت کو ٹھہرایا ہے۔