انگلینڈ کے شہر بریڈفورڈ میں واقع قونصلیٹ آف پاکستان میں یومِ یکجہتیٔ پاکستان کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی نے افواجِ پاکستان سے والہانہ انداز میں یک جہتی کا اظہار کیا۔
قونصلیٹ آف پاکستان بریڈفورڈ میں یومِ یک جہتیٔ پاکستان کی ایک پُروقار اور جذبۂ حب الوطنی سے سرشار تقریب منعقد ہوئی جس میں برطانوی پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاکستان، کشمیری عوام، اور افواجِ پاکستان سے اپنی غیر متزلزل وابستگی اور مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
قونصل جنرل پاکستان زاہد احمد جتوئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ یک جہتیٔ پاکستان کا مقصد ناصرف قومی اتحاد و یک جہتی کو اجاگر کرنا ہے بلکہ اوورسیز کمیونٹی کو موجودہ علاقائی صورتِ حال سے بھی آگاہ کرنا ہے۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے جعلی دہشت گرد حملے کو پاکستان سے جوڑنے کی مذموم کوشش کو سختی سے مسترد کیا اور کہا کہ یہ بین الاقوامی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ایک اور ناکام سازش ہے۔
قونصل جنرل نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کی سب سے بڑی مسلم ایٹمی طاقت ہے اور اگر مودی کو جنگ کا شوق ہے تو ہم اسے ناکوں چنے چبوا دیں گے۔
انہوں نے بلوچستان میں جاری دہشت گردی میں بھارت کے کردار کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشوں میں ملوث ہے۔
اس موقع پر دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف دنیا کے ہر فورم پر آواز بلند کرتا رہا ہے تاہم اگر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، ہم دیارِ غیر میں رہ کر بھی اپنے وطن سے جڑے ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جو قربانیاں دی ہیں وہ بے مثال ہیں۔
مقررین نے کہا کہ مودی حکومت نے اقلیتوں کا جینا حرام کر رکھا ہے اور آج دنیا جان چکی ہے کہ بھارت کا اصل چہرہ کیا ہے۔
رہنماؤں نے ریاستِ پاکستان، اس کی مسلح افواج اور کشمیر کاز کے لیے مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کی سخت مذمت کی۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
حاضرین نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے جس سے ہال گونج اٹھا۔