پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے پیشِ نظر ویانا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور طریقے سے افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
مختلف سماجی، سیاسی، مذہبی اور کمیونٹی رہنماؤں نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو پاکستانی قوم اور افواج مل کر اسے ایسا منہ توڑ جواب دیں گی جو وہ مدتوں یاد رکھے گا۔
ویانا کی مختلف مساجد میں نمازِ جمعہ کے بعد خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن میں پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ان تقاریب میں پاکستان کی سلامتی، افواجِ پاکستان کی کامیابی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
کمیونٹی کے سرکردہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ دیارِ غیر میں رہتے ہوئے بھی پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کسی بھی بیرونی خطرے کی صورت میں اپنی افواج کا مکمل ساتھ دیں گے۔
مقررین نے بھارتی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، لیکن کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت اور حوصلہ رکھتا ہے۔
ویانا میں یہ یکجہتی کی فضا اس امر کا ثبوت ہے کہ وطن سے دور رہنے والے پاکستانی بھی اپنی سرزمین کے دفاع اور وقار کےلیے پوری طرح متحد اور پرعزم ہیں۔