• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران، انٹارکٹیکا کے مہنگے دورے پر معاون پارلیمانی امور برطرف

تہران (اے ایف پی) ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے اپنے معاون پارلیمانی امور کو انٹارکٹیکا کے مہنگے دورے پر برطرف کر دیا، کیونکہ ملک شدید اقتصادی بحران کے دوران انتہائی افراط زر کا شکار ہے۔حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک تصویر میں اب سابق ہوجانے والےمعاون صدر شہرام دبیری کو ایک خاتون کے ساتھ دکھایا گیا ہے جن کی شناخت ان کی اہلیہ کے طور پر کی گئی ہے، جنہوں نے پلانسیئس کروز جہاز کے قریب تصویر بنوائی ہے۔ڈچ پرچم بردار بحری جہاز 2009 سے انٹارکٹیکا میں پرتعیش سیروتفریح پیش کررہا ہے، ایک ایجنسی نے آٹھ دن کے سفر کی قیمت 3,885 یورو فی شخص مقرر کی ہے۔ سرکاری نیوز ایجنسی ارناکی جانب سےگزشتہ روز شائع ہونے والے ایک خط میں ایرانی صدر نے لکھا کہ ایک ایسے تناظر میں جہاں آبادی پر معاشی دباؤ زیادہ ہے، حکام کے مہنگے تفریحی دورے، چاہے وہ اپنی جیب سے ادا کیے جائیں، نہ تو قابلِ دفاع ہیں اور نہ ہی قابلِ جوازہیں،خط میں کہا گیا کہ شہرام دبیری کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ پیشے کے لحاظ سے ایک 64 سالہ معالج اور مسعود پیزشکیان کے قریبی ساتھی شہرام دبیری کو اگست میں اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ان کی تصویر شائع ہونے کے بعد حکومت کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا، اورصدر پیزشکیان کے کئی حامیوں نے اس عہدیدار کو ہٹانے پر زور دیا۔ارنا نے گزشتہ ماہ کے آخر میں شہرام دبیری کے دفتر کے ایک ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے یہ سفر سرکاری عہدے پر فائز ہونے سے پہلے کیا تھا۔یہ تنازع صدرمسعود پیزشکیان کے لیے ایک اور بڑا دھچکا ہے، جو گزشتہ سال معیشت کو بحال کرنے اور اپنے ساتھی شہریوں کی روزمرہ زندگی کو بہتر بنانے کے وعدے پر منتخب ہوئے تھے۔مارچ کے اوائل میں ان کے وزیر اقتصادیات عبدالناصر ہمتی کو پارلیمنٹ نے ڈالر کے مقابلے میں قومی کرنسی کی شدید گراوٹ اور بڑھتی ہوئی افراط زر پربرطرف کر دیا تھا۔ 

دنیا بھر سے سے مزید