کراچی (نیوز ڈیسک) دبئی میں ایرانی میزائل حملوں سے افراتفری، لگژری ہوٹل اور جبل علی بندرگاہ متاثر، سیاح زیرِ زمین پارکنگ میں پناہ لینے پر مجبور، ہوائی اڈوں کی بندش سے ہزاروں مسافر پھنس گئے، حکام کا معمولات بحال رکھنے کا دعویٰ، غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پانچ ستارہ ہوٹل فیئر مونٹ دی پام کے داخلی حصے میں آگ بھڑک اٹھی اور جبل علی بندرگاہ کے ایک حصے میں بھی شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔ حکام کے مطابق بیشتر میزائل اور ڈرون فضائی دفاعی نظام نے فضا ہی میں تباہ کر دیے تاہم ملبہ گرنے سے ایک شخص ہلاک اور درجن کے قریب زخمی ہوئے، جبکہ دبئی اور ابوظہبی کے ہوائی اڈے عارضی طور پر بند کر دیے گئے جس سے ہزاروں سیاح پھنس گئے۔ معروف عمارت برج العرب کے قریب بھی ڈرون کا ملبہ گرا جس سے معمولی آگ لگی، جبکہ سوشل میڈیا پر امجد طہ سمیت کئی شخصیات نے صورتحال کو قابو میں قرار دیا۔ دوسری جانب ایران کی جانب سے کشیدگی میں کمی کے آثار نہ ہونے کے باعث خطے میں غیر یقینی برقرار ہے اور حکام نے رہائشیوں و سیاحوں کو گھروں اور ہوٹلوں میں رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔