اقوام متحدہ (تجزیہ: عظیم ایم میاں) ایران پرامریکہ اسرائیل حملہ وسیع ایجنڈا اور مقاصد کا حامل ،حملہ محض ایٹمی پروگرام اور میزائل حملے روکنے تک محدود نہیں، صدر ٹرمپ نے اپنے ویڈیو بیان میں و اضح طور پر کہا یہ حملہ ’’مستقبل کے لئے‘‘ ہے، جنگ کے منفی اثرات نہ صرف ایران ا ور مشرق وسطی بلکہ پوری مسلم دنیاپر ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے باہمی تعاون سے ایران پر حملے، صدر ٹرمپ کا اس حملے کے بارے میں عوامی ویڈیو بیان اور ایران کے بحرین، قطر، کویت، عرب امارات، اردن میں امریکی فوج کے اڈوں پر میزائلوں کے حملے اور مشرق وسطی میں امریکی افواج کا اس قدر بڑا اور تاریخی اجتماع یہ واضح کررہا ہے کہ ایران پر یہ امریکی اسرائیلی حملہ محض ایران کے ایٹمی پروگرام اور میزائلوں کے حملے روکنے کے لئے محدود نہیں بلکہ اس سے زیادہ وسیع ایجنڈا اور مقاصد کا حامل ہے۔ صدر ٹرمپ نے اس موقع پر جاری کردہ اپنے ویڈیو بیان میں و اضح طور پر کہا ہے کہ یہ حملہ ’’مستقبل کے لئے‘‘ ہے۔ امریکا نے اسرائیل کے دفاع اور ایرانی میزائلوں کے حملوں سے دفاع کے لئے بھی امریکا کی فوجی طاقت کو متحرک کیا ہے۔ اس قدر بڑے پیمانے پر فوجی نقل و حرکت اور ایران کی جنگ کے منفی اثرات نہ صرف ایران ا ور مشرق وسطی کے تمام ممالک بلکہ پوری مسلم دنیاپر ہوں بلکہ جنوبی ایشیا میں ایران کا پڑوسی پاکستان بھی متاثر ہوگا۔ یہ جنگ پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت کی دور اندیشی، دانشمندی اور درپیش چیلنجوں کا سامنا کرنے کی صلاحیتوں کا امتحان ہے۔