زمین پر تیزی سے رونما ہوتی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سیارے کے درجۂ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ہمارے سیارے کے درجہ حرارت میں خطرناک اضافے کے باعث بحرالکاہل میں واقع جزیرہ نما ملک ’تووالو‘ممکنہ طور پر دنیا کا وہ پہلا ملک ہو سکتا ہے جو مکمل طور پر سمندر میں ڈوب جائے گا۔
سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر زمین کا درجۂ حرارت موجودہ رفتار سے بڑھتا رہا، گلیشیئرز پگھلتے رہے اور سمندر کی سطح میں یونہی غیر متوقع اضافہ ہوتا رہا تو پھر اس بات کا امکان ہے کہ 2050ء تک ’تووالو‘ مکمل طور پر سمندر میں ڈوب جائے گا۔
اس بدقسمت ملک کی آبادی تقریباً 11 ہزار ہے جن کے گھر بار، تاریخ، تہذیب و ثقافت سب کچھ خطرے سے دوچار ہو چکا ہے۔
عالمی رہنماؤں کو تیزی سے رونما ہوتی موسمیاتی تبدیلیوں، سطح سمندر میں اضافےاور ڈوب جانے کے خطرے سے دوچار کمیونٹیز کی نقل مکانی کے باہمی ربط کو تسلیم کرنا چاہیے کیونکہ’تووالو‘ کے جیسے اور بھی کئی ممالک ڈوب جانے کے خطرے سے دوچار ہیں۔