پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی زارا نور عباس اور اسد صدیقی نے بالآخر اپنی اکلوتی بیٹی نورِ جہاں کا چہرہ مداحوں کے سامنے ظاہر کردیا۔
زارا نور اور اسد نے دسمبر 2017 میں شادی کی تھی، یہ دونوں کی دوسری شادی تھی، اسد صدیقی نے اس سے قبل 2014 میں ماہم سے شادی کی تھی جبکہ زارا نور عباس کی پہلی شادی 2016 میں ہوئی جو 2017 میں ختم ہو گئی تھی۔
شادی کے بعد جوڑے نے زندگی کے کئی نشیب و فراز کا سامنا کیا، 27 مارچ 2024 کو اس جوڑے نے ایک خوبصورت بیٹی کی آمد کا جشن منایا، جس کا نام محبت اور خلوص کے ساتھ ’نورِ جہاں‘ رکھا گیا۔
اسٹار جوڑی نے اپنی بیٹی کا چہرہ ایک سال تک خفیہ رکھا اور مداحوں کو اس معصوم چہرے کی جھلک کے لیے بے تاب رکھا، بالآخر نورِ جہاں کی پہلی سالگرہ پر نہ صرف تصاویر جاری کی گئیں بلکہ ان کا خوبصورت چہرہ بھی سب کے سامنے آیا۔
زارا نور عباس نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ کے ساتھ نورِ جہاں کی مونوکروم تصاویر کی کلیکشن شیئر کی، جس میں بچی کی معصومیت جھلکتی دکھائی دی۔
بیٹی کی سالگرہ کے موقع پر جوڑے نے خوبصورت تقریب کا اہتمام کیا، جس میں زارا نور نے کاسنی رنگ کا دلکش لباس زیب تن کیا اور ننھی نورِ جہاں کو بھی ہم رنگ لباس میں ملبوس کیا گیا۔
مداح ننھی نورِ جہاں کی دلکشی پر دل ہار بیٹھے اور سوشل میڈیا پر تعریفی تبصروں کی بھرمار ہوگئی ہے، بہت سے لوگوں نے اسے والد اسد صدیقی کا ہم شکل قرار دیا ہے۔