امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 11 اپریل کو امریکی قونصل خانے کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ 11 اپریل کو امریکی قونصل خانے کی طرف مارچ کریں گے، 13 اپریل کو کراچی اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں مارچ کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، امریکا کسی کا دوست نہیں، یوکرین کے حالات دیکھ لو، امریکا اور اسرائیل مجرم ہیں، انہیں تاریخ معاف نہیں کرے گی، عید پر فلسطین میں بچوں پر بمباری کی گئی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ امریکا اور یورپی یونین اسرائیل کے سپورٹر ہیں، غزہ کی صورتحال پر کوئی بولنے کو تیار نہیں، مغرب میں باضمیر لوگ احتجاج کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ غزہ کو 80 سے 90 فیصد تباہ کردیا گیا ہے، غزہ میں 80 ہزار لوگوں کو بےدخل کردیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کو بھارتی بل کی مذمت کرنی چاہیے۔