لاہور(خبرنگار) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام غزہ لہو لہو مہم کے تحت مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا گیا، لاہور،کراچی،اسلام آباد، پشاو،کوئٹہ ملتان، فیصل آباد، سکھر،حیدرآباد ،قصور،گوجرانوالہ ،شیخوپورہ ،نواب شاہ، مٹیاری،ہالا،گولارچی سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے،مظاہروں میں نوجوانوں، بزرگوں اور بچوں سمیت تمام مکاتب فکر کے ہزاروں افراد شریک ہوئے۔، شرکاء نے اسرائیلی کھلی دہشت گردی پر اقوام متحدہ، او آئی سی، اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر بھی شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری، مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید،سیکرٹری جنرل لاہور مزمل اقبال ہاشمی،شیخ نعیم بادشاہ،تابش قیوم و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جو خون بہہ رہا ہے، وہ صرف فلسطینیوں کا نہیں، بلکہ پوری امت کا ہے۔