اداکار نعمان مسعود نے خواتین کو مشورہ دیا ہے کہ شادی کے ابتدائی دنوں میں نرمی اور برداشت سے کام لیں۔
سینئر اداکار نعمان مسعود جو حالیہ دنوں میں ڈرامہ تن من نیلو نیل میں احسن کے کردار سے ایک بار پھر چھا گئے ہیں اور ناظرین کے دل جیت لیے ہیں، ان کی متاثرکن اداکاری پر سوشل میڈیا پر خوب داد دی جا رہی ہے۔
حال ہی میں وہ ایک شو کے مہمان بنے، جہاں انہوں نے اپنی فنی و ذاتی زندگی کے کئی پہلوؤں پر کھل کر گفتگو کی، جس میں ان کی شادی، دوستی پر مبنی رشتے اور نوجوان جوڑوں کے لیے مفید مشورے بھی شامل تھے۔
نوجوان خواتین کے لیے مشورہ دیتے ہوئے نعمان مسعود نے کہا کہ ہماری سوسائٹی میں لڑکی ہی لڑکے کے گھر جاتی ہے، اس لیے ابتدائی دنوں میں اگر لڑکی نرم رویہ رکھے، لچک دکھائے تو رشتہ بہتر بنیادوں پر شروع ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کل دونوں طرف غصہ بہت آ گیا ہے، لیکن جب خواتین شادی کے آغاز میں ہی کڑی سرحدیں کھینچ دیتی ہیں اور ہر بات پر ضد پر اتر آتی ہیں، تو یہ رویہ رشتے کو بگاڑنے کا آغاز بن جاتا ہے۔
اداکار نے اس بات پر زور دیا کہ شادی کے ابتدائی سالوں میں اگر عورت سمجھداری سے اور برداشت سے کام لے گی تو وقت کے ساتھ اُس کا مقام اُس گھر میں خود بخود مضبوط ہوتا چلا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب دونوں طرف سے برداشت، عزت اور محبت ہو تو رشتہ نہ صرف قائم رہتا ہے بلکہ مضبوط سے مضبوط تر بنتا ہے۔
نعمان مسعود نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بتایا کہ میری بیوی میری بہترین دوست رہی ہیں اور ان کا رشتہ دوستی، سمجھداری اور برداشت سے بنا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میری شادی ایک دوست کے ساتھ ہوئی، جس کے ساتھ ہر بات شیئر کی جا سکتی ہے، یہی اصل کامیابی ہے۔