عمر شہزاد کے ہلدی فوٹو شوٹ نے مداحوں کو وکی کوشل اور کترینہ کیف کی یاد دلا دی۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ماڈل، اداکار اور گلوکار عمر شہزاد نے اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا اور بعد ازاں اداکاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، کئی مقبول ڈراموں سے انہیں بھرپور شہرت حاصل ہوئی۔
عمر شہزاد اپنی بہترین فٹنس اور پروفیشنل انداز کے لیے بھی جانے جاتے ہیں، وہ ایک ریئلٹی شو میں بھی شرکت کر چکے ہیں جہاں ان کے عمدہ رویے کو مداحوں نے سراہا تھا۔
فروری 2025ء میں عمر شہزاد نے مدینہ منورہ کی مسجدِ نبوی ﷺ میں ایک سادہ مگر روحانی ماحول میں ماڈل شانزے لودھی کے ساتھ نکاح کیا، یہ تقریب قریبی رشتے داروں کی موجودگی میں منعقد ہوئی، اس وقت یہ جوڑا اپنی شادی کی تقریبات بھرپور انداز میں منا رہا ہے، جس میں دعاۓ خیر اور ہلدی کی تقریبات بھی شامل ہیں۔
عمر شہزاد اور شانزے لودھی کے ہلدی فوٹو شوٹ نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر لی ہے، مداحوں نے ان کے فوٹوشوٹ کا موازنہ بالی ووڈ جوڑی وکی کوشل اور کترینہ کیف کی ہلدی کی تقریب سے کیا ہے۔
کئی صارفین نے کہا ہے کہ جیسے ہی انہوں نے تصاویر دیکھیں، انہیں وکی و کترینہ کی ہلدی کی یاد آ گئی۔
کچھ صارفین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو بالکل کترینہ کیف اور وکی کوشل کے ہلدی فوٹو شوٹ کی کاپی ہے۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ یہ ہندو شادی کی طرح لگ رہی ہے، ایسے رجحانات کی ترویج نہیں ہونی چاہیے۔
کسی اور نے تبصرہ کیا سعودی عرب میں نکاح اور اب یہاں ہندو رسومات؟ افسوس!
دوسری طرف، بہت سے مداح عمر شہزاد کا دفاع کرتے ہوئے نظر آئے۔
ان کا کہنا ہے کہ محض ہلدی لگانے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ کسی کا فوٹو شوٹ کاپی کر رہے ہیں، پاکستان میں ہلدی کی رسم عام ہے، بلا وجہ تنقید نہیں کرنی چاہیے۔