چین نےامریکا سے تجارتی اقتصادی تعلقات پر وائٹ پیپر جاری کر دیا۔
چین کی جانب سے جاری کیے گئے وائٹ پیپر میں امریکا کی جانب سے عائد کردہ ٹیرف کے جواب میں اقداما ت کیے جانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔
چین کی جانب سے جاری کردہ وائٹ پیپر کا عنوان ’چین امریکا اقتصادی اور تجارتی تعلقات سے متعلق بعض مسائل پر چین کا مؤقف‘ رکھا گیا ہے۔
چینی حکومت نے چین امریکا اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے بارے میں حقائق کو واضح کرنے اور متعلقہ امور پر چینی فریق کے مؤقف کو واضح کرنے کے لیے دستاویز جاری کی ہیں۔
وائٹ پیپر کے مطابق چین کا کہنا ہے کہ امریکا کے یک طرفہ اقدامات کی سخت مخالفت کرتے ہیں، دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی تعلقات و تعاون میں تفرقات و تصادم کو معمول کے طور پر سمجھتے ہیں۔
وائٹ پیپر کے مطابق تجارتی تعلقات کی بہتری کے لیے امریکا کے ساتھ بات چیت کےخواہاں ہیں، امریکا ٹیرف میں اضافہ کر کے اپنے مسائل حل نہیں کر سکتا۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تجارتی تعلقات میں تفرقات کے حل کے لیے امریکا کے ساتھ بات چیت کے خواہاں ہیں۔
وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ امریکا چین پر دباؤ ڈالنے کے لیے ٹیرف کا غلط استعمال کر رہا ہے، امریکی دباؤ کی مخالفت کرتے ہیں، اس طرح کی غنڈہ گردی قبول نہیں کریں گے۔
چین نے وائٹ پیپر میں یہ بھی کہا ہے کہ چین کو ترقی کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا، چین اپنے جائز حقوق، مفادات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرتا رہے گا۔
وائٹ پیپر ایک مستند رپورٹ یا گائیڈ ہے جس میں مسائل اور ان کو حل کرنے کا طریقہ کار درج کیا جاتا ہے۔
اس اصطلاح کا استعمال اس وقت شروع ہوا جب سرکاری کاغذات کی رنگوں کی بنیاد پر نشاندہی کی جانے لگی، وائٹ پیپر کی معلومات تک عوامی رسائی حاصل ہوتی ہے۔
وائٹ پیپر کا استعمال سیاست کے ساتھ ساتھ کاروباری اور تکنیکی شعبوں میں بھی کیا جاتا ہے، تاکہ عوام کو آگاہ کیا جا سکے اور انہیں فیصلے کرنے میں مدد حاصل ہو سکے۔