صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی اسکواش کھلاڑی نور زمان کو انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔
نور زمان نے انڈر 23 ورلڈکپ اسکواش چیمپئن شپ جیت لی، کراچی میں ہونے والی فائنل مقابلے میں انہوں نے مصر کے کریم الترکی کو دو کے مقابلے میں تین گیم سے شکست دی۔
قومی کھلاڑی کو ان کی زبردست کامیابی پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرداخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے انہیں مبارکباد دی۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ نور زمان نے فائنل سمیت پوری چیمپئن شپ میں بہترین کھیل پیش کیا، نور زمان نے اسکواش کے کھیل میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
انکا کہنا تھا کہ مستقبل میں نور زمان کی مزید کامیابیوں کےلیے پُرامید اور دعاگو ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نور زمان کی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نور زمان نے اپنے کھیل سے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا۔
انکا کہنا تھا کہ پوری قوم کو نور زمان پر فخر ہے، پاکستان اسکواش کے میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گا۔
وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ویل ڈن نور زمان، قوم کو آپ پر فخر ہے۔
انکا کہنا تھا کہ نور زمان نے اپنی محنت سے پاکستان کا نام روشن کیا۔ نور زمان کی فتح پاکستان کی جیت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نور زمان کے کوچز اور والدین کو بھی دلی مبارک باد دیتا ہوں، نور زمان جیسے باصلاحیت نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔