بڑی تعداد میں کروڑ پتی افراد برطانیہ کے دارالحکومت لندن کو چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
ویلتھ ایڈوائزری فرمز کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 11 ہزار سے زائد کروڑ پتی افراد لندن چھوڑ کر چلے گئے۔
کروڑ پتی افراد کے لندن چھوڑ کر جانے کی وجہ مسلسل بڑھتے ہوئے ٹیکس، 2008ء کے مالیاتی بحران سے مکمل طور پر بحالی میں ناکامی اور بریگزٹ یعنی برطانیہ کا یورپی یونین سے علیحدہ ہونا ہے۔
لندن چھوڑ کر جانے والے زیادہ تر افراد ایشیاء یا پھر امریکا جا کر آباد ہو گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی بلند و بالا عمارتوں اور الٹرا لگژری لائف اسٹائل کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے مگر اب گزشتہ دس سال کے دوران دبئی کی طرف کروڑ پتی افراد کھینچے چلے آرہے ہیں اور ان کی تعداد میں مسلسل اور تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
لندن چھوڑ کر جانے والے کروڑ پتی افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونا تشویش ناک بات ضرور ہے لیکن صورتِ حال ابھی اتنی سنگین نہیں ہے کیونکہ شہر میں اب بھی 215,700 کروڑ پتی افراد موجود ہیں۔
واضح رہے کہ لندن ایک زمانے میں دنیا میں سب سے زیادہ کروڑ پتی افراد رکھنے والا شہر تھا لیکن 2014ء کے بعد سے کروڑ پتی افراد نے یہ شہر چھوڑ کر جانا شروع کر دیا۔
صرف گزشتہ 10 سال کے دوران لندن نے اپنے 12 فیصد امیر ترین شہریوں کو کھو دیا ہے اور اب صورتِ حال یہ ہے کہ لندن کا نام دنیا کے سب سے زیادہ امیر ترین افراد رکھنے والے سرِفہرست 5 شہروں میں بھی نہیں آتا۔