• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری موت کی جعلی خبر نے میرے پیاروں کو ہلا کر رکھ دیا تھا: محمود اسلم


سینئر اداکار محمود اسلم نے اپنی جعلی موت کی خبر پر جذباتی ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری موت کی خبر نے میرے پیاروں کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

پاکستان کے سینئر اور ورسٹائل اداکار محمود اسلم جنہوں نے 90 کی دہائی سے اب تک اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے ہیں، وہ حال ہی میں ایک شو میں بطور مہمان شریک ہوئے۔

اس موقع پر انہوں نے اپنی بچپن کی یادیں، فنی سفر اور موجودہ دور میں سوشل میڈیا کے منفی استعمال پر کھل کر گفتگو کی۔

شو کے دوران محمود اسلم نے انکشاف کیا کہ کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر ان کی موت کی جھوٹی خبر وائرل کر دی گئی تھی، جس نے نا صرف ان کے خاندان بلکہ شوبز انڈسٹری اور مداحوں کو بھی گہرے صدمے سے دوچار کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ لوگ بغیر تحقیق کے ایسی خبریں پھیلا دیتے ہیں جو دوسروں کی زندگیوں پر اثر ڈالتی ہیں، میری موت کی خبر نے میرے پیاروں کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

محمود اسلم نے جذباتی انداز میں بتایا کہ میری بیٹی اور داماد نے حیرت اور صدمے کے عالم میں میری بیوی کو فون کیا تاکہ حقیقت معلوم کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری بیٹی اور داماد شدید پریشان ہو گئے تھے، میرا بھائی پہلے ہی علیل تھا، اس کے لیے یہ خبر بہت دل دہلا دینے والی تھی، میرے قریبی ساتھی وسیم عباس اور کاشف محمود نے بھی اس خبر سے متاثر ہو کر اپنی شوٹنگز روک دیں، دونوں اداکار شدید پریشانی کا شکار ہو گئے تھے۔

محمود اسلم نے انکشاف کیا کہ انہیں امریکا اور کینیڈا سے بھی درجنوں کالز موصول ہوئیں تاکہ تصدیق ہو سکے کہ خبر جھوٹی ہے یا سچی، ایسی خبریں صرف ایک انسان کو نہیں بلکہ اس کے اردگرد درجنوں لوگوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیتی ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ براہ کرم سوشل میڈیا کو مثبت مقاصد کے لیے استعمال کریں، کسی کی نجی زندگی میں خلل ڈالنا یا ایسی جعلی اور دل دہلا دینے والی خبریں پھیلانا نا صرف غیر اخلاقی بلکہ غیر انسانی عمل بھی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید