بھارتی گلوکارہ سونو ککڑ نے اپنے بہن بھائی مشہور گلوکارہ نیہا ککڑ اور موسیقار ٹونی ککڑ سے تعلقات ختم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے مداحوں کو حیران کر دیا۔
گزشتہ روز سونو نے اپنے انسٹاگرام اور ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹس پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ یہ بتاتے ہوئے دل دکھ رہا ہے کہ میں اب ٹونی ککڑ اور نیہا ککڑ کی بہن نہیں ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ ایک گہرے جذباتی زخم کے باعث لیا ہے اور میں اس وقت دل گرفتہ ہوں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سونو ککڑ نے کچھ دیر بعد ہی اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کر دی، مگر تب تک یہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی تھی، اس غیر متوقع اعلان اور اچانک پوسٹ ہٹانے کے باعث صارفین کنفیوژن کا شکار ہیں اور مختلف قیاس آرائیاں گردش کر رہی ہیں۔
تاحال نیہا ککڑ یا ٹونی ککڑ کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، سونو کی جانب سے بھی اب تک کوئی وضاحت یا تفصیلی بیان نہیں دیا گیا ہے۔
ککڑ بہن بھائی ماضی میں نا صرف ایک ساتھ کئی مشہور گانے دے چکے ہیں بلکہ عوامی تقاریب اور شوز میں ایک دوسرے کے لیے محبت بھرے جذبات کا اظہار کرتے رہے ہیں، ان کے درمیان اچانک پیدا ہونے والی دوری نے مداحوں کو افسردہ کر دیا ہے۔