بالی ووڈ کی سینیئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے کہا ہے کہ پوراتوان انکی آخری بنگالی فلم ہوگی۔ اس فلم کی شوٹنگ کے تجربے کو یاد کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پندرہ روز سے زیادہ وقت بہت اچھا گزرا۔
یاد رہے کہ 80 سالہ ماضی کی صف اول کی ہیرؤن کی 14 برس بعد بنگالی سنیما میں واپسی ہوئی لیکن ممکنہ طور پر یہ انکی آخری بنگالی فلم بھی ہوگی۔
بھارتی میڈیا ادارے کے مطابق انکا کہنا تھا کہ انکی صحت کی صورتحال ان کےلیے دباؤ کا باعث بنتی ہے لیکن اسکے باوجود وہ بنگالی فلموں میں کام کرنا پسند کرتی ہیں۔
شرمیلا ٹیگور نے کہا کہ کولکتہ کے بارے میں ہر چیز سے پیار ہے، لیکن میں اپنی صحت کی وجہ سے اداکاری کےلیے درکار شوٹس کےلیے بہت زیادہ فٹ نہیں ہوں۔
2023 میں پوراتوان کی شوٹنگ کے تجربہ کو یاد کرتے ہوئے انہون نے بتایا وہ فلم کی ٹیم کے ساتھ 14-15 دن تک دریائے گنگا کے کنارے ایک تفریحی مقام پر قیام پذیر رہیں اور اچھا وقت گزارا۔
دریں اثنا شرمیلا ٹیگور کی بیٹی سوہا علی خان نے حال میں نیاندیپ راکشیٹ سے انکے یوٹیوب چینل پر گفتگو میں اپنی والدہ کے صحت کے مسائل پر گفتگو کی اور کہا ان میں پھیپھڑے کے کینسر کی بالکل ابتدائی مرحلے میں ہی تشخیص ہوئی لیکن انھیں کسی کیموتھراپی یا علاج کی ضرورت نہیں پڑی اور اب وہ بہتر ہیں۔