بنگلا دیشی ماڈل، اداکارہ اور مس ارتھ بنگلا دیش 2020ء میگھنا عالم کو مبینہ طور پر ملک کے سفارتی تعلقات خراب کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کو خصوصی اختیارات ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
بنگلا دیشی پولیس کا کہنا ہے کہ میگھنا عالم کو مبینہ طور ایک اہم سفارت کار سے متعلق، خاص طور پر سعودی عرب سے سفارتی تعلقات خراب کرنے کی نیت سے غلط معلومات پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے اپنی گرفتاری سے قبل متعدد فیس بک اپ ڈیٹس پوسٹ کی تھی، جن میں انہوں نے الزام لگایا تھا کہ ایک غیر ملکی سفارت کار قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے انہیں خاموش کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کو 9 اپریل کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ فیس بُک پر لائیو اسٹریم کر رہی تھیں، اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے افراد نے ڈھاکا میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر انہیں حراست میں لیا۔
12 منٹ کی ویڈیو میں اداکارہ کو پولیس اہلکاروں سے درخواست کرتے اور یقین دلاتے دیکھا گیا۔
بعد ازاں عدالت نے انہیں 30 دنوں کے لیے کاشم پور جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب اداکارہ کے والد بدرالعالم کا بیان بھی سامنے آیا ہے، جس کے مطابق 30 سالہ سابق مس ارتھ بنگلا دیش کی گرفتاری ڈھاکا میں اس وقت کے سعودی سفیر کے ساتھ تعلقات کی وجہ سے ہوئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سفیر اور میگھنا کے آپس میں تعلقات تھے، لیکن میری بیٹی نے اس کی شادی کی پیشکش سے انکار کر دیا تھا کیونکہ وہ پہلے سے شادی شدہ تھا اور اس کے بچے بھی ہیں۔