مشہور بھارتی کامیڈین اور ٹی وی میزبان کپِل شرما نے حال ہی میں وائرل ہونے والے تنازع پر اپنا مؤقف پیش کیا، جس میں بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کا ذکر آیا تھا اور بھارتی کرکٹ کوچ امول موزم دار کے ساتھ مزاحیہ موازنہ کیا گیا تھا۔
کپِل شرما نے نیٹ فلکس کے پروگرام ’دی گریٹ انڈین کپِل شو‘ کے حالیہ ایپی سوڈ کے دوران کپِل نے کوچ کی ٹیم کی کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شاہ رخ خان کے کردار ’کبیر خان‘ سے موازنہ کیا۔
انہوں نے امول سے کہا کہ چونکہ آپ نے کرکٹ ورلڈ کپ جیتا، کیا آپ جانتے ہیں کہ لوگ آپ کا موازنہ شاہ رخ خان سے کر رہے ہیں؟ سنجیدگی سے، سر آپ بھی خوبصورت ہیں، کیا آپ خود کو شاہ رخ کی طرح محسوس کرتے ہیں؟
امول موزم دار نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ نہیں، چک دے کی طرح نہیں، اس دوران کرکٹر جمائمہ روڈریگز نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں، انہوں نے اپنا نام بھی امول موزم دار سے بدل کر کبیر موزم دار رکھ دیا، بالکل شاہ رخ خان کے کردار کی طرح۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کپِل شرما کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بعدازاں انہوں نے وضاحت پیش کی کہ محترم، میں نے کب کہا کبیر خان؟ میں نے شاہ رخ خان کہا اور یہ ایک مزاحیہ انداز میں کہا گیا تھا، جسے آپ کبھی نہیں سمجھ پائیں گے کیونکہ آپ بےسُرے ہیں، خیر نیا سال مبارک، خوش رہیں اور خوشیاں بانٹیں۔
واضح رہے کہ اس وقت تک شاہ رخ خان نے اس وائرل تنازع پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔