پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور سپر ماڈل رابعہ بٹ نے نئے سال کے موقع پر اپنی مرحوم والدہ کو یاد کرتے ہوئے ایک جذباتی لمحہ سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
رابعہ بٹ کو بطور ماڈل دو لکس اسٹائل ایوارڈز جبکہ فیشن انڈسٹری میں خدمات کے اعتراف میں ایک بی سی ڈبلیو ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔ ڈرامہ ’جیون نگر‘ میں ان کی اداکاری کو ناظرین نے خوب سراہا، جس کے بعد وہ کچھ عرصے کے لیے سوشل میڈیا سے غائب ہو گئی تھیں۔
فوٹوز انیڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر تقریباً 10 لاکھ فالوورز رکھنے والی اداکارہ نے حال ہی میں ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی والدہ کے انتقال کا ذکر کرتے ہوئے دل کی بات کہی۔
ویڈیو میں رابعہ بٹ نے کہا کہ آج سال کا آخری دن تھا اور ہمیشہ کی طرح مجھے لگتا ہے کہ سال کا آخری یا پہلا دن ماں کے ساتھ گزارنا چاہیے۔ میری والدہ کو گزرے 16 سال ہو چکے ہیں۔ جن لوگوں کے والدین زندہ ہیں وہ واقعی بہت خوش نصیب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اپنے والدین کے ساتھ اچھا وقت گزار پاتے ہیں جبکہ بعض انہیں بہت جلد کھو دیتے ہیں اور کسی کو اپنے پیاروں کی جدائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حال ہی میں میں نے بھی ایک بہت عزیز کو کھو دیا ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ زندگی کی حقیقت میں پہلے بھی جانتی تھی، مگر اب دنیا اور آخرت دونوں کی حقیقت کا زیادہ احساس ہو گیا ہے۔ ہم اس دنیا پر بہت زیادہ توجہ دیتے ہیں، جو ٹھیک ہے، مگر ہمیں آخرت کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں آنے والی زندگی کے لیے زیادہ سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ ہمیں قبروں پر زیادہ جانا چاہیے۔ اللّٰہ کرے آپ سب اپنی زندگی اپنے پیاروں کے ساتھ برکت میں گزاریں۔
رابعہ بٹ کی اس ویڈیو کے بعد مداحوں، دوستوں اور سوشل میڈیا صارفین نے ان کے حوصلے اور ان کی والدہ کی مغفرت کے لیے دعا کی۔
کئی صارفین نے کہا کہ جنہوں نے کم عمری میں والدین کو کھو دیا، وہ رابعہ بٹ کے درد کو بخوبی محسوس کر سکتے ہیں۔