• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینالز کے خلاف سندھ کے کئی شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، ریلیاں، دھرنا

خیرپور،جیک آباد، مہیڑ(بیورورپورٹ /نامہ نگاران)دریائے سندھ سے متنازع کینالز کے معاملےپر سندھ بھر میں قوم پرست جماعتوں اور وکلاکی جانب سے احتجاجی مظاہروں، جلسوں، ریلیوں اور دھرنے کا سلسلہ اتوار کے روز بھی جاری رہا ، وکلاء نے کشمور پر 3روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انڈس ہائی وے پر دھرنے کا اعلان کردیا ، صدر کراچی بار عامر وڑائچ نے کہا ہے کہ کینالز کی منسوخی کے سوا کچھ قبول نہیں، جسقم کی کال پرجیکب آباد، ٹنڈوآدم ،میہڑ ، رتوڈیرو،ٹنڈوباگو اور گھارو سمیت دیگر شہروں اور دیہات میں شٹرڈائون اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی ، اس موقع پر مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد بھی کیا گیا ، اس موقع پر شرکاء نے پانی پہ ڈاکہ نامنظور، دریائے سندھو پر ڈاکہ نامنظور کے زوردار نعرے لگائے، رہنمائوں اور شرکاء نے مطالبہ کیا کہ دریائے سندھ سے کینال نکالنے اور زمینیں کارپوریٹ فارمنگ کمپنی کو دینے والا فیصلہ واپس لیا جائے ورنا احتجاج جاری رہیگا ،انڈس ہائی وے پر مختلف قوم پرست تنظیموں کے کارکنان نےریلی نکالی اور انڈس ہائی وے اٹک پیٹرول پمپ پر کے مقام پر دھرنا دے دیا، شرکاء نے کینالوں کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔کراچی یونیورسٹی ٹیچرز سوسائٹی کے سیکرٹری معروف بن رئوف نے بتایا کہ انہوں نے سندھ بھر میں جاری ماحولیاتی ناانصافی اور کینالز کے معاملے پر عوامی تحریک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا ہے۔تمام تعلیمی اداروں، اساتذہ اور طلبہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس جدوجہد کو صرف ایک احتجاج نہ سمجھیں، بلکہ اسے اپنی تاریخی، ثقافتی اور ماحولیاتی بقاء کی تحریک سمجھ کر اس کا حصہ بنیں۔گھارو نامہ نگار دریائے سندھ پر کینالز کی تعمیر کے خلاف جسقم کی اپیل پر گھارو دھابیجی میرپورساکرو میں مکمل شٹر بند ہڑتال کی گئی گھارو میں کارکنوں کی جانب سے قومی شاہراہ پر دھرنا دیا گیا اور قومی شاہراہ پر ٹائر جلائے گئے جس سے قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل رہی۔ دوسری جانب کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ نے کہا ہے کہ دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کی منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے سوا کچھ قبول نہیں کینالز منصوبہ منسوخ کرانے تک جدوجہد جاری رکھیں گے ،جدوجہد میں ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،وہ ببرلو بائی پاس پر احتجاجی دھرنے سے خطاب کررہے تھے۔ عامر وڑائچ نے کہاکہ دریائے سندھ کا پانی سندھ کا پانی ہے، سندھ کا پانی سندھ کا حق ہے، اپنا حق کسی کو نہیں دیں گے، عامر وڑائچ نے کہاکہ دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کا راز فاش ہونے پر ببرلو بائی پاس پر دھرنا دیا، دھرنے میں لوگوں کا جوش دیکھ کر یقین ہوگیا ہے کہ ہماری تحریک سو فیصد کامیاب ہوگی اور حکومت کو مجبور ہوکرکینالز نکالنے کی منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کرنا ہوگا، انہوں نے کہاکہ ببرلو بائی پاس کے دھرنے میں سیاسی وسماجی تنظیموں کے کارکنان، خواتین اور ہزاروں نوجوانوں کو دیکھ کر میرا جذبہ جوان ہوا ہے، جو قومیں جہاں بھی اپنے حق کے لئے میدان میں آتی ہیں تو ان کی فتح ہوجاتی ہے ،ہماری فتح کے بھی جلد ڈھول بجیں گے ۔
اہم خبریں سے مزید