کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما پارلیمانی سیکرٹری برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی صمدخان گورگیج کے اعزاز میں تنظیم نسل نو ہزارہ کے زیر اہتمام تعمیر نسل نو اسکول ہزارہ ٹاؤن میں تقریب کا اہتمام کیاگیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صمدگورگیج نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی بلاتفریق خدمت پر یقین رکھتی ہے اور تعلیم وصحت کی بہتری اور روزگار کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے ۔میرے والد سابق ایم این اے سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج نے بطورِ وفاقی وزیر پورے حلقے میں جس خلوص کے ساتھ خدمت کی اس تسلسل کو برقرار رکھا جائیگا اور کسی سیاسی تفریق سے بالاتر سب کو ترقیاتی منصوبوں میں یکساں نمائندگی دی جائے گی ۔انہوں نے علاقے میں تعلیم اور تفریحی سرگرمیوں کیلئے تعمیر نسل نو اسکول کی انتظامیہ کی کاوشوں پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔تقریب میں تنظیم نسل نو ہزارہ کے چیئرمین نادرعلی ہزارہ ، وائس چیئرمین حاجی عبدالواحد، پیپلزپارٹی کے سابق صوبائی ریکارڈ سیکرٹری در محمد ہزارہ،ممبر صوبائی کونسل غلام جان حسن زئی باقرشاہ ٹرسٹ کے چیئرمین امان الله، سابق کونسلر اختر جعفری، پیپلزپارٹی کے کارکن علی جان ہزارہ ،سردار زادہ بلوچ خان گورگیج، میر حسن کھیازئی، میر حیدر رئیسانی، عابد گورگیج، نذیراحمد نوتانی، قدیرگورگیج، کامران خان پانیزئی سمیت دیگر بھی موجودتھے۔