• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

کیتھولک مسیحی برادری کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس خورخے ماریو برگولیو 88 سال کی عمر میں چل بسے۔

ان کے انتقال کے بعد نئے پوپ کا انتخاب جلد کیا جائے گا، لیکن انتخاب کیسے ہو گا؟ کون پوپ بن سکتا ہے اور کون اس کا انتخاب کرتا ہے، آئیے جانتے ہیں۔

نئے پوپ کے انتخاب کا طریقہ کار

پوپ فرانسس کی وفات کے بعد رومن کیتھولک چرچ میں نئے مذہبی پیشوا کے انتخاب کا عمل شروع ہونے والا ہے، جو صدیوں پرانے خفیہ اور منظم طریقہ کار کے تحت انجام پاتا ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق نئے پوپ کے انتخاب کے لیے دنیا بھر کے 80 سال سے کم عمر کارڈینلز روم میں ویٹیکن سٹی میں جمع ہوں گے، جہاں ’کونکلیو‘ کے ذریعے نئے پوپ کا انتخاب کیا جائے گا۔

یہ وہ انتخابی عمل ہے جس پر تقریباً 800 برس سے بغیر کسی تبدیلی کے عمل ہو رہا ہے۔

کونکلیو کے پہلے دن یہ افراد سینٹ پیٹرز بسیلیکا میں عبادت کرتے ہیں جس کے بعد وہ ویٹیکن کے سسٹین چیپل میں جمع ہوتے ہیں۔

اس موقع پر ’ایکسٹرا اومنیس‘ (لاطینی زبان میں ’ہر ایک باہر‘) کا حکم دیا جاتا ہے جس کے بعد نئے پوپ کے انتخاب تک تمام کارڈینلز کو ویٹیکن کے اندر رکھا جاتا ہے۔

ووٹنگ کا ومل بند کمرے میں ہوتا ہے، جہاں کارڈینلز دن میں 2بار ووٹ ڈالیں گے۔  ووٹنگ کے بعد بیلٹ پیپرز کو جلا کر چمنی سے دھواں نکالا جاتا ہے، کالا دھواں ناکامی اور سفید دھواں نئے پوپ کے انتخاب کا اعلان ہوتا ہے۔

کامیاب امیدوار کو دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔

نئے پوپ سے ان کی رضامندی اور نیا نام پوچھا جاتا ہے، پھر وہ پوپ کا لباس پہن کر سینٹ پیٹرز باسیلیکا کی بالکونی پر آتے ہیں اور دنیا کے سامنےپوپ منتخب ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔ 

کون پوپ بن سکتا ہے اور اس کا انتخاب کون کرتا ہے؟

نئے پوپ کا انتخاب کسی پوپ کی موت یا ان کے مستعفی ہونے کے بعد کیا جاتا ہے جیسا کہ 2013ء میں پوپ بینیڈکٹ XVI کے استعفے کے بعد ہوا تھا اور آج (پیر کو) وفات پانے والے پوپ فرانسس نے ان کی جگہ لی تھی۔

کوئی بھی بپتسمہ یافتہ کیتھولک مسیحی مرد پوپ منتخب ہو سکتا ہے تاہم، یہ عہدہ ہمیشہ کیتھولک چرچ کے ان سینیئر عہدیداران کے پاس رہا ہے جنہیں کارڈینلز کہتے ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جو نئے پوپ کا انتخاب بھی کرتے ہیں۔

دنیا بھر میں اس وقت 252 کارڈینلز ہیں جو عام طور پر بشپ بھی ہوتے ہیں تاہم نئے پوپ کے انتخاب میں صرف وہی کارڈینلز ووٹ دے سکتے ہیں جن کی عمر 80 سال سے کم ہو۔

ان ’کارڈینل الیکٹرز‘ کی تعداد عام طور پر 120 تک محدود ہوتی ہے تاہم اس وقت 138 کارڈینلز ایسے ہیں جو نئے پوپ کو منتخب کرنے کے اہل ہیں۔

(پوپ فرانسس نے دسمبر 2024ء میں 21 نئے کارڈینلز کا تقرر کیا تھا۔)

2013ء میں جب پوپ فرانسس کا انتخاب ہوا تھا تو وہ کیتھولک چرچ کے پہلے سربراہ تھے جو لاطینی امریکا سے تعلق رکھتے تھے، تاہم تاریخی اعتبار سے نیا پوپ زیادہ تر یورپ سے تعلق رکھتا ہے اور خصوصی طور پر اٹلی سے، 1 تک 266 پوپ میں سے 217 کا تعلق اٹلی سے رہا ہے۔

خیال رہے کہ پوپ فرانسس نے اپنی آخری خواہشات میں تدفینی رسومات کو سادہ رکھنے کی ہدایت دی تھی۔ وہ ویٹیکن کے بجائے روم کے سینٹ میری میجر باسیلیکا میں دفن ہوں گے، جو ایک تاریخی چرچ ہے۔

پوپ کا عہدہ رسمی تنخواہ کے بغیر ہوتا ہے، مگر ان کے تمام اخراجات ویٹیکن ادا کرتا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید