• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شعیب ملک کا پی ایس ایل 10 میں کھیلنے پر ہوئی تنقید کا جواب

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، مایہ ناز بیٹسمین شعیب ملک نے پی سی بی کے مینٹور ہونے کے باوجود پاکستان سُپر لیگ 10 میں کھیلنے پر ہونے والی تنقید کا جواب دیا ہے۔

یاد رہے کہ شعیب ملک پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بطور کھلاڑی کھیل رہے ہیں۔

شعیب ملک کو گزشتہ کئی دنوں سے بطور کھلاڑی لیگ میں شمولیت پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کرکٹ شائقین اور ناقدین نے مشورہ دیا ہے کہ 43 سالہ کھلاڑی کو گلیڈی ایٹرز کی لائن اپ کا حصہ بننے کے بجائے نوجوانوں کو تیار کرنا چاہیے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مینٹور شپ ملنے کے باوجود بطور کھلاڑی کھیلنے پر اپنا دفاع کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر میں ہمیشہ بطور سرپرست (مینٹور) اپنی ذمے داریاں نبھانے کی کوشش کرتا رہوں گا۔

تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ میں اپنے مینٹور کے کردار کو سنجیدگی سے لیتا ہوں اور ضرورت پڑنے پر اپنے کردار کو صحیح انداز میں انجام دیتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کے ساتھ میرا معاہدہ واضح طور پر کہتا ہے کہ میں کھیلنے کا اہل ہوں اور اسی لیے میں کھیل رہا ہوں، کچھ کرکٹرز نے ہمیشہ میرے لیے بہت احترام اور حمایت کا مظاہرہ کیا ہے اور میں بھی ان کے لیے ایسا ہی محسوس کرتا ہوں۔

شعیب ملک نے یہ بھی کہا ہے کہ لوگ اکثر سوال کرتے ہیں کہ میں اس عمر میں اب بھی کیوں کھیل رہا ہوں لیکن پی ایس ایل سے باہر بیٹھنے والوں کے بارے میں کوئی نہیں پوچھتا، میری کارکردگی اور فٹنس پیشہ ورانہ معیار کے مطابق ہے، میری فٹنس ابھی بھی بہتر ہے اور میں میدان میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہوں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید