وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے جنگھڑا موٹر وے انٹر چینج بہاولپور پر کارروائی کر کے شہریوں کی ایران اور عراق اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایف آئی اے حکام نے کہا ہے کہ منظم گینگ کے 2 کارندوں کو گرفتار کر کے 48 افراد بشمول خواتین اور بچوں کو بازیاب کروایا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 48 شہریوں کو بیرونِ ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر 83 لاکھ 93 ہزار روپے سے زائد کی رقم وصول کی۔
ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ ملزمان سے 17 پاسپورٹ، موبائل فونز اور دیگر اہم دستاویز بھی برآمد کی گئیں، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔