• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل رحمٰن کا قائدِ اعظم سے ملاقات کا دعویٰ، سب حیران


پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار فیصل رحمٰن نے اپنی عمر سے متعلق انکشاف کر کے سب کو حیران کر دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح سے بچپن میں ملاقات کی تھی، جو مجھے آج بھی یاد ہے۔

حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں سینئر اداکار نے بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔

دورانِ انٹرویو میزبان نے اداکار سے ان کی فٹنس کا راز پوچھا تو انہوں نے اس کا کریڈٹ اچھی خوراک اور ورزش کے ساتھ ساتھ قدرتی طور پر خاندانی جینس کو دیا۔

فیصل رحمٰن نے کہا کہ میرے بھائی اور کزن وغیرہ سب اپنی عمر سے تقریباً 10 سال چھوٹے دکھائی دیتے ہیں۔

گفتگو کے دوران جب میزبان نے اداکار سے ان کی عمر پوچھی تو انہوں نے عمر بتانے سے گریز کیا اور کہا کہ میں عمر نہیں بتاؤں گا لیکن اتنا بتا دوں کہ میں نے بچپن میں قائدِ اعظم سے ملاقات کی تھی جو مجھے آج بھی تھوڑی تھوڑی یاد ہے، اب میری عمر کا اندازہ خود لگا لیں۔

فیصل رحمٰن کے جواب پر میزبان نے اندازہ لگاتے ہوئے کہا کہ پھر تو آپ 80 سال کے ہوں گے جس پر اداکار نے کہا کہ نہیں 80 سے کچھ کم عمر ہوں۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جب قائدِ اعظم سے ملاقات ہوئی اس وقت 2 برس سے زائد عمر کا تھا کیونکہ 2 سال کے بچے کی یادداشت اتنی اچھی نہیں ہوتی جب کہ مجھے ملاقات آج بھی یاد ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید