کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے رہنما کاشف حیدری نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزارہ ٹائون کے مکینوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ، چار لاکھ سے زائد آبادی والے علاقے کو نجی ٹھیکیداروں کے ذریعے پانی فراہم کیا جارہا ہے ، علاقے کو پانی کی فراہمی کا نظام محکمہ واسا کے حوالے کیا جائے ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ ٹائون کے مکینوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ، چار لاکھ سے زائد آبادی والے علاقے کو نجی ٹھیکیداروں کے ذریعے پانی فراہم کیا جارہا ہے اور اس مد میں ماہانہ ڈھائی ہزار روپے وصول کئے جارہے ہیں جبکہ نئے کنکشن کیلئے چالیس سے پینتالیس ہزار روپے تک لئے جارہے ہیں اس کے باوجود مکینوں کو ہفتے میں صرف ایک بار پانی فراہم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان ہائیکورٹ نے ایک آئینی درخواست کی سماعت کے دوران محکمہ واسا اور پی ایچ ای کو ہزارہ ٹاؤن کو پانی کی فراہمی کا پابند کیا تاہم مسئلہ جوں کا توں ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہزارہ ٹاؤن کو پانی کی فراہمی محکمہ واسا کے حوالے کی جائے ۔