کوئٹہ(خ ن) مضر صحت و ملاوٹی اشیاء خوردونوش کے تدارک کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں ، اس سلسلے میں اتھارٹی کی انسپکشن ٹیموں نے کوئٹہ اور گوادر میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایک بیکنگ یونٹ سیل جبکہ 20 سے زائد مراکز پر جرمانے عائد کردئیے۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق نواں کلی میں قائم سیل کردہ بیکنگ یونٹ میں صفائی ستھرائی اور اشیاء اسٹوریج کا نظام انتہائی خراب و غیر صحت بخش ، پیکنگ میں اخبار کا استعمال ، یونٹ میں مکھیوں کی بھرمار جبکہ حتمی اشیاء بغیر ایکسپائری تواریخ کی پائی گئیں ۔ علاوہ ازیں عوام کو فروخت کئے جانے والے دودھ کی کوالٹی چیک کرنے کیلئے چشمہ اچوزئی ، اے ون سٹی اور ارباب ٹاؤن میں اتھارٹی کی ملک سیفٹی ٹیمیں متحرک رہیں، جہاں دودھ میں ملاوٹ کرنے پر 8 دودھ فروشوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملاوٹی و غیر صحت بخش دودھ کی بڑی مقدار تلف کی گئی ۔قبل ازیں موقع پر ٹیسٹ کردہ آٹھ دکانوں کے دودھ میں پانی اور خشک پاؤڈر کی ملاوٹ کا انکشاف ہوا ۔مزید براں کوئٹہ کے دیگر علاقوں اور گوادر میں جرمانہ کردہ مراکز میں پکوان ہاؤس ، جنرل و ڈیپارٹمنٹل اسٹورز ، بیکرز ، ریسٹورنٹس ، اچار شاپس اور فاسٹ فوڈ کارنرز شامل تھے۔ اتھارٹی حکام نے متعدد جنرل اسٹورز و ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور ایک یوٹیلیٹی اسٹور سے زائد المیعاد خوردنی مصنوعات کی بڑی مقدار ضبط کی۔