جامعہ کراچی کے رہائشی علاقے کے قریب سے گزرنے والی پانی کی 84 انچ قطر کی لائن پھر پھٹ گئی۔
واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ اس لائن سے شہر کے مختلف علاقوں کو پانی سپلائی کیا جاتا ہے جبکہ اس کے پھٹنے سے جامعہ کراچی کے رہائشی علاقے کا بیشتر حصّہ زیر آب آگیا ہے۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پائپ لائن میں پانی کے پریشر کو کم کردیا گیا ہے تاکہ مرمتی کام شروع کیا جا سکے۔
ان کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے مرمتی کام جاری رہے گا اور 96 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔ اس دوران مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی جزوی معطل ہوگی۔
ان علاقوں میں جمشید ٹاؤن، لیاقت آباد، ناظم آباد کے علاقے متاثر رہیں گے۔
اس کے علاوہ پاک کالونی، گولیمار، شیرشاہ، اولڈ سٹی ایریا، لانڈھی کے علاقے بھی متاثر رہیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مرمتی کام کے دوران شہر کو یومیہ 250 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہوگا، شہری پانی کا ذخیرہ کریں اور اسے احتیاط سے استعمال کریں۔