• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسماء عباس نے بیٹی زارا نور عباس کو خود سے دور کرنے کی وجہ بتادی


پاکستان کی سینئر اداکارہ اور معروف فنکارہ اسماء عباس نے ایک انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی، صحت کے مسائل اور بیٹی زارا نور عباس سے گہرے رشتے پر کھل کر بات کی۔ 

نجی ٹی وی کے ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی بیٹی سے کچھ فاصلہ پیدا کرنا چاہتی ہیں اور اس کی وجہ سن کر ہر سننے والا جذباتی ہو گیا۔

اسماء عباس نے بتایا کہ میں کینسر سے نجات پا چکی ہوں، مجھے شوگر، گردن کی سرجری سمیت کئی پیچیدہ بیماریاں لاحق ہیں، لیکن ہر حال میں اللّٰہ پر ایمان رکھتی ہوں اور زندگی کو مسکرا کر گزارنا جانتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں اسپتال بھی میک اپ اور بلو ڈرائی کر کے جاتی تھی، میں چاہتی تھی کہ میں خوش نظر آؤں، کیونکہ دل سے خوشی ہی زندگی کو خوبصورت بناتی ہے۔

اسماء عباس نے کہا کہ میری بیٹی زارا نور عباس ناصرف مجھ سے بہت قریب ہے بلکہ روزانہ رابطہ کرتی ہے، مشورے لیتی ہے اور اپنی زندگی کی ہر بات ماں سے شیئر کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زارا مجھ سے اتنی اٹیچڈ ہے کہ اگر میں نہ رہوں تو وہ شاید خود کو سنبھال نہ سکے، اسی لیے میں چاہتی ہوں کہ ہم تھوڑا فاصلہ رکھیں تاکہ وہ میرے بغیر جینا سیکھ سکے۔

اسماء عباس نے کہا کہ میری بہن سنبول شاہد اور بھانجا شہریار اچانک اس دنیا سے چلے گئے، حالانکہ وہ صحت مند تھے۔ اسی لیے میں مانتی ہوں کہ زندگی اور موت اللّٰہ کے اختیار میں ہے اور اس حقیقت کو قبول کرتے ہوئے خوش رہنا ہی بہترین راستہ ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید