حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ مودی سرکار مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم کی داستانیں رقم کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں مشعال ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان پانی کے ذریعے دہشتگردی پھیلا رہا ہے۔ مودی سرکار نے اپنے پیروں پر خود کلہاڑی ماری ہے۔
مشعال ملک کے مطابق مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی داستانیں رقم کر رہی ہے۔ ماؤں کو بچوں سے جدا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یاسین ملک سے بھی ان کے اہل خانہ کئی سالوں سے جدا ہیں، حریت قیادت کو زبردستی اور غیر قانونی طریقے سے جیلوں میں ڈالا جارہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات بہت تشویش ناک ہیں، نہتے کشمیریوں کے گھر سے روز جنازے اُٹھ رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و جبر کی داستانیں دنیا بھر کے سامنے ہیں۔
مشعال ملک نے کہا کہ کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے، کشمیریوں کو بد ترین طریقے سے بےدخل کیا جا رہا ہے۔