پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے پلیئر سکندر رضا نے کہا ہے کہ ہمارے پاس فائنل میں پہنچنے کےلیے 2 موقع موجود ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں سکندر رضا نے کہا کہ ہمارے لیے سب میچز بڑے اہم ہیں، ہم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے یا دوسرے نمبر پر آنا چاہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے پاس پی ایس ایل 10 کے فائنل میں پہنچنے کے لیے 2 موقع ہیں، کراچی کنگز کے خلاف میچ ہمارے لیے ایک اور میچ کی حیثیت رکھتا ہے۔
لاہور قلندرز کے کھلاڑی نے مزید کہا کہ فینز کے لیے یہ میچ 2 بڑے حریفوں کے درمیان میچ کی حیثیت رکھتا ہے، کراچی کنگز کی ٹیم اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، ہمیں اچھا کھیل کر ہرانا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کے ماحول کو ہم انجوائے کررہے ہیں، یہ ماحول کیسے بنا وہ نہیں بتا سکتا کیونکہ ڈریسنگ روم کی باتیں باہر نہیں کی جاتیں۔
سکندر رضا نے یہ بھی کہا کہ ڈریسنگ روم میں ہم ماحول ہلکا سادہ اور دوستانہ رکھتے ہیں، ٹیم کے لیے کھیلنا ہے تو جو رول دیا جائے تو اسی کے مطابق کھیلنا چاہیے یوں انفرادی گول پیچھے چلے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نمبر والا شور ہمارے لیے اہمیت نہیں رکھتا کسی بھی نمبر پر کھلائیں، ہمیں اس کےلیے تیار رہنا چاہیے، ٹورنامنٹ کا آغاز ہم نے اچھے کی امید سے کیا تھا۔
لاہور قلندرز کے پلیئر نے کہا کہ اسی امید کے لئے ہم سخت محنت کر رہے ہیں ہم اسمارٹ ورک پر توجہ دے رہے ہیں، پی ایس ایل سے ٹیلنٹ کی شناخت کریں اور پھر اس کی گرومنگ کریں بجائے اس کے کہ اسے فوری پاکستان کے لئے کھلانا مقصد ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ بولرز میں مجھے عبید شاہ اور علی رضا نے متاثر کیا ہے، بیٹنگ میں محمد نعیم اور صداقت اچھے لگے ہیں جبکہ معاذ صداقت کی اننگز دیکھ کر لگا ہے کہ وہ کرکٹ کھیل کر آئے ہیں خاصے میچور دکھائی دیے ہیں۔