• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیردفاع خواجہ محمد آصف نےنریندر مودی حکومت کے پہلگام ڈرامے کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کا مذموم منصوبہ بے نقاب کرتے ہوئےگزشتہ ہفتے اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ آنے والے دنوں میں بھارت ،پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ایک نیااضافہ کرسکتا ہے۔ ممکنہ صورتحال پاکستان کے سیکورٹی اداروں کیلئے سرچ آپریشن مزید موثر بنانے کی متقاضی ہے۔بلوچستان کے ضلع قلات میں ہفتے کے روز نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ ہائی وے پر ٹریفک بلاک کرکےمنگوچر بازار میں نادرا،جوڈیشل کمپلیکس اور نیشنل بنک سمیت متعدد سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرتے ہوئے انہیں آگ لگادی۔ملزمان نے بسوں اور کاروں کی تلاشی لی اور موقع پاکر وہاں سے فرار ہوگئے۔حکام نے ملزمان کی گرفتاریوں کیلئے آپریشن شروع کردیاہےاور رات گئےٹریفک بحال کردی گئی۔ایک اور واقعہ میں موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے کوٹ لانگو کے قریب لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا۔لیویز حکام نے ضلع قلات کے علاقے رحیم آباد کے قریب قومی شاہراہ پر ایک پل کے نیچے طاقت وربم دھماکے کی اطلاع بھی دی ہے،جس سے پل کے ایک حصے کو معمولی نقصان پہنچا۔مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں مسافر کوچ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون اور دو بچوں سمیت 6افراد زخمی ہوگئے۔ان واقعات سے بلوچستان میں ایک نئی شکل میںدہشت گردی کی لہر آتی دکھائی دے رہی ہے۔خیبر پختونخوا بھی مسلسل فتنہ الخوارج کے نشانے پر ہے اس سے پہلے کہ یہ لوگ دونوں صوبوں میں متذکرہ نوعیت کی مزیدکارروائیاں کریں ،امید کی جاتی ہے کہ متعلقہ سیکورٹی ادارےپوری طاقت سے ان کا سر کچل دیں گے۔اس وقت پاکستان کو جنگی کیفیت کا سامنا ہے ،جس سے نمٹنے میں شہری دفاع کی اہمیت اور افادیت سے انکار ممکن نہیں۔

تازہ ترین