• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارسا ایڈوائزری کمیٹی کا بھارت کی جانب سے چناب میں پانی کی اچانک کمی پر اظہار تشویش


چیئرمین انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کی زیر صدارت ارسا ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی کی اچانک کمی پر تشویش کا  اظہار کیا گیا ہے۔ 

ارسا اعلامیہ کے مطابق خریف سیزن سے پہلے 21 فیصد پانی کی مجموعی قلت متوقع ہے، دریائے چناب میں قلت جاری رہی تو اسکا تخمینہ دوبارہ لگایا جائے گا۔ خریف سیزن کے بعد 7 فیصد پانی کی کمی متوقع ہے۔ 

اعلامیہ کے مطابق بھارت کی جانب سے پانی کی کٹوتی کے بعد بحران سے نمٹنے کیلئے ذخائر کا مشترکہ استعمال ہوگا۔ پانی کی منصفانہ تقسیم کیلئے صوبوں میں ہم آہنگی سے فیصلے کیے گئے۔ 

ارسا کے مطابق ہیڈ مرالہ پر دریائے چناب کے بہاؤ میں اچانک کمی کے بعد بھارتی رویہ زیر غور ہے، پانی کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔

 ارسا ترجمان کے مطابق خریف سیزن میں پنجاب کو 3 کروڑ 13 لاکھ ایکڑ فٹ پانی فراہمی کا تخمینہ ہے، خریف سیزن میں سندھ کو 2 کروڑ 89 لاکھ ایکڑ فٹ پانی دستیابی کا تخمینہ ہے۔

ترجمان کے مطابق خریف سیزن میں بلوچستان کو 29 لاکھ ایکڑ فٹ پانی فراہمی کا تخمینہ ہے، خریف سیزن میں خیبر پختونخوا کو 8 لاکھ ایکڑ فٹ پانی فراہمی کا تخمینہ ہے۔

ارسا ترجمان کے مطابق پانی کی قلت پنجاب اور سندھ کے درمیان برابر تقسیم ہوگی، ارسا ایڈوائزری کمیٹی نے پانی دستیابی اور فراہمی کے تخمینوں کی منظوری دے دی۔

قومی خبریں سے مزید