وزیرِ اعظم شہباز شریف اور قطر کے وزیرِ اعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
گفتگو کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور حمایت پر قطر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر بھارت نے بزدلانہ حملے کیا، بے گناہ 26 مرد، خواتین اور بچے شہید ہوئے اور چند مساجد کو نقصان پہنچا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت کی اس جارحانہ کارروائی نے جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کو نقصان پہنچایا ہے، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا پوری طاقت کے ساتھ دفاع کرے گا، پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے الزامات کی غیر جانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے جارحیت کا خطرناک راستہ چنا، بھارت کے غیر ذمے دارانہ ریاستی رویے کی وجہ سے خطے میں امن و امان کی صورتِ حال خراب ہوئی ہے۔
اس موقع پر قطر کے وزیرِ اعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ قطر خطے میں موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔