سینئر سیاستدان جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ دشمن نے اپنے مورچوں پر سفید پرچم لہرا کر اپنی شکست تسلیم کی ہے۔
لودھراں میں پاک فوج سے اظہارِ یک جہتی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، سول سوسائٹی اور انجمنِ تاجران نے ریلی نکالی۔
لودھراں سے سینئر سیاستدان جہانگیر ترین نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں ہماری مساجد اور نہتے لوگوں پر حملہ کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ بزدل دشمن نے معصوم بچوں اور خواتین پر حملہ کر کے اپنی بزدلی اور اخلاقی پستی کا ثبوت دیا۔
جہانگیر ترین کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کے جارحانہ اقدام کا بر وقت اور مؤثر جواب دیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری کو اس بھارتی جارحیت اور خطے کا امن تباہ کرنے کی سازش کا نوٹس لینا چاہیے۔