• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وعدے کے مطابق شہدا کے خون کا بدلہ لے لیا گیا، آصف غفور

آصف غفور — فائل فوٹو
آصف غفور — فائل فوٹو

سابق کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف غفور کا کہنا ہے کہ وعدے کے مطابق شہدا کے خون کا بدلہ لے لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ آج صبح بعد از نمازِ فجر پاکستان نے بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے ’الفتح میزائل‘ کی لانچ کے ساتھ آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا۔

بھارت کے خلاف پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کے بعد سابق ڈی جی آئی ایس پی آر اور سابق کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) جنرل آصف غفور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر مختلف پوسٹس شیئر کی ہیں۔

ہم اس مادرِ وطن کی حفاظت کرتے ہوئے پیارے اور بھوری آنکھوں والے بیٹے ارتضیٰ سمیت ایسے کئی افراد کو قبل از وقت کھوچکے ہیں، ہمارے تمام پیارے جنت میں مسکرا رہے ہوں گے۔ وعدے کے مطابق ان کے خون کا بدلہ لیا گیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ہمارے شہداء اور غازیوں کے والدین اور اہل خانہ کو سلام، ہم آپ کے بہت مقروض ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی شروع ہوئی تو انہوں نے قرآنی آیت ’ نَصْرٌ مِّن اللَّهِ وَفَتْحٌ قَرِيبٌ ‘ شیئر کی اور بھارت کو امن کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز ہوگیا۔

واضح رہے کہ مذکورہ آپریشن کے نتیجے میں بھارت میں ایئربیس ادھم پور، براہموس اسٹوریج، پٹھان کوٹ میں ایئر فیلڈ، سپلائی ڈپو ’اڑی‘، سپلائی بھارتی بریگیڈ کوارٹر جی ٹاپ و دیگر تباہ کردیے گئے۔

بھارتی ایئر بیس تباہ ہونے کے بعد انہوں نے مزید پوسٹ کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ نریندر مودی تمہیں بار بار متنبہ کیا گیا کہ ہمارے عزم کا امتحان نہ لیں اور پاکستان کے ساتھ کوئی گڑبڑ نہ کریں، تم دراصل دہشتگرد ریاست ہو اور تم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے معصوم کشمیروں کے خلاف اس کا بدترین مظاہرہ بھی کیا۔

بعدازاں انہوں نے ایک اور پوسٹ اسکرین شاٹ کے ہمراہ شیئر کی اور بتایا کہ مذکورہ بالا پوسٹ کو ایکس کی جانب سے میری ٹائم لائن سے چھپا دیا گیا۔

آصف غفور نے دشمن کو للکارتے ہوئے مزید لکھا کہ یہ تو صرف ایک پوسٹ ہے، بھارت تم پاکستان کی مسلح افواج کا مقابلہ کیسے کروگے؟

قومی خبریں سے مزید