امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپنے سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ کر حکومت، فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پہلگام کا یہ واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا، بھارت نے خود بھی ابھی تک تحقیقات نہیں کی، ماضی میں بھی بھارت ایسے واقعات خود کرتا آیا ہے۔
بھارت نے مسجدوں پر حملہ اور ہمارے بچوں کو شہید کیا۔ اسرائیل بچوں کو مارتا ہے میدان میں مقابلہ نہیں کرسکتا۔ بھارت بھی اسرائیل کی طرح سب کچھ کر رہا ہے۔ پوری قوم کو ایک اعتماد حاصل ہوا ہے، پوری قوم کو بیدار رہنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے آج مجھے کال کی تھی ہم نے کہا کہ آپ کے ساتھ ہیں، اب اگر ٹرمپ فون کرے یا کوئی وزیرِ خارجہ، ہمیں 3 مطالبات سامنے رکھنے چاہئیں۔ سندھ طاس معاہدے کی بحالی اور کشمیر مسئلے پر بات چیت کے بغیر کوئی بات نہیں ہونی چاہیے۔
انکا کہنا تھا کہ مسجدوں اور بچوں پر حملے کی معافی بھارت کو مانگنی چاہیے، جو جنگ ہم میدان میں جیت رہے ہیں وہ ٹیبل پر ہارنی نہیں چاہیے، چین ہمارا دوست ہے یہ دوستی عزت و وقار کے ساتھ ہوگی۔ جماعتِ اسلامی کے تمام کارکنان رضاکاروں کے طور پر کام کرنے کےلیے تیار ہیں۔