پیپلز پارٹی کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کی طرح شہری علاقوں کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ پیشہ ورانہ انداز اپنایا۔
ترک میڈیا کو انٹرویو میں نائب صدر پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت عوام کے جذبات یکجہتی اور قومی اتحاد کے ہیں، پاکستانی عوام اپنی فوج اور حکومت کےساتھ غیر معمولی یکجہتی کامظاہرہ کرر ہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارت نے گزشتہ 3 دنوں میں بلا اشتعال شہری علاقوں پر بم باری کی، شہری اہداف کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین، جنیوا کنونشن، یو این چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔
شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان نے 3 دن کے بھارتی حملوں کے بعد دفاعی طور پر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، پاکستان نے ہمیشہ کشیدگی کم کرنے، بات چیت سے مسائل حل کی کوشش کی۔
پیپلز پارٹی کی نائب صدر کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے کی غیر جانب دار تحقیقات کی پیشکش بھارت نے مسترد کر دی، اگر بھارت کے پاس چھپانے کو کچھ نہیں تھا تو غیر جانبدار تحقیقات سے کیوں بھاگا؟