• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معرکۂ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں یومِ تشکر، افواج پاکستان کو خراج تحسین

معرکۂ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں یومِ تشکر منایا جا رہا ہے۔

معرکۂ حق میں تاریخی فتح پر یوم تشکر ، افواجِ پاکستان کو قوم کا سلام ، زبردست خراجِ تحسین  اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، وزیر اعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف نے پرچم کشائی کی، تمام کور ہیڈکوارٹرز میں بھی تقریبات منقعد کی گئیں، پرچم کشائی اور یادگارِ شہداء پر حاضری دی گئی، آپریشن ’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ کی شاندار کامیابی پر افواجِ پاکستان کے دلیر سپاہیوں اور سربراہان کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ اُن بہادر سپاہیوں کو سلام جنہوں نے جانوں کا نذرانہ دے کر وطنِ عزیز کا دفاع کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشانِ عبرت بن چکے، قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے  یاد گار شہداء پر حاضری دی،  انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ بھی گورنر کے ہمراہ تھے، فیصل کریم کنڈی نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

یوم تشکر کے حوالے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سیکریٹریٹ میں مرکزی تقریب ہوئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستان کیلئے اہمیت کا حامل ہے، بھارت نے جھوٹا الزام لگا کر ہم پر رات کی تاریکی میں حملہ کیا،  ہماری افواج نے دشمن کے دانت کھٹے کردیے، سپہ سالار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ثابت کیا ہے کہ ہم زندہ قوم ہیں، دشمن کو بتا دینا چاہتا ہوں ہم پرامن رہنا چاہتے ہیں، دشمن پھر اپنا شوق پورا کرنا چاہے گا اس سے بڑھ کر جواب ملے گا۔

بھارت اپنی طاقت کے تکبر میں تھا، اس کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا، مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے لبرٹی چوک میں یوم تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی طاقت کے تکبر میں تھا، اس کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا، اپنی انٹیلی جنس کی ناکامی کا الزام بھارت پاکستان پر لگاتا رہا، آپریشن بنیان مرصوص نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ قوم افواج پاکستان کے پیچھے آہنی دیوار کی طرح کھڑی ہوئی، نواز شریف نے بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کا جواب 6 ایٹمی دھماکوں سے دیا، بھارت کے پاس ٹیکنالوجی ہے مگر یہ جنگ صلاحیت، قابلیت اور جذبوں کی تھی، پاک فوج نے معرکہ حق میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا بزدل دشمن اپنے میڈیا اور سوشل میڈیا کا سہارا لے رہا تھا، بھارتی میڈیا جھوٹ بولتا تھا، ہمارا میڈیا اسے موقع پر بے نقاب کرتا تھا۔

ملک بھر میں یومِ تشکر کے سلسلے میں ریلیاں نکالی گئیں

بھارت کو دندان شکن جواب دینے پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملک بھر میں یومِ تشکر کے سلسلے میں ریلیاں نکالی گئیں۔

پاکستانی شاہینوں کی بہادری ،ہمت اور جوان مردی پر پوری قوم یک زبان ہوگئی، شہر شہر گلی گلی پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

گلگت میں یومِ تشکر کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا، دیامر سمیت گلگت بلتستان بھر میں پاک فوج کو زبردست اندازمیں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

گجرات میں پاک فوج کے افسران، ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران نے نشانِ حیدر پانے والے میجر عزیز بھٹی شہید کے مزار پر حاضری دی، پھول رکھے ان کی لازوال قربانی کو پھر سے یاد کیا۔

بورے والا میں نشان حیدر پانے والے میجر طفیل محمد شہید کے مزار پر کور کمانڈر بہاولپور نے حاضری دی۔

ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، بہاولپور، رحیم یارخان، لودھراں، سرگودھا، راجن پور، نارروال، مظفر گڑھ، جھنگ، بہاولنگر، ڈی جی خان سمیت پنجاب بھر میں یومِ تشکر کی تقریبات جاری ہیں، ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور سبز ہلالی پرچم کی بہار ہے۔

دشمن کے دانت کھٹے کرنے اور ہر ہر محاذ پر بھرپور جواب دینے پر یومِ تشکر کے موقع پر سکھر میں 300 فٹ اونچا قومی پرچم لہرایا گیا۔

جیکب آباد میں مسیحی برادری نے پاکستان زندہ باد ریلی نکالی۔

حیدرآباد، بدین، ٹھٹہ، خیر پور، میر پور خاص، عمر کوٹ، نواب شاہ، سجاول، میہڑ، سانگھڑ، مٹیاری، لاڑکانہ میں بھی یومِ تشکر کی تقریبات اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں یادگارِ شہداء پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، وزراء اور چیف سیکریٹری نے شہداء کی یادگار پر پھول رکھے۔

نکیال میں نشانِ حیدر شہید نائیک سیف علی کی یادگار پر  پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔

میرپور میں پاکستان اور کشمیر کے پرچم فضاء میں بلند کیے گئے، قومی ترانے بجائے گئے، بھمبر، نیلم، سماہنی، کوٹلی، باغ، ہٹیاں بالا میں بھی افواجِ پاکستان کے حق میں ریلیوں اور تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔

ادھر بلوچستان میں چمن، قلعہ عبداللّٰہ، پشین میں تقریبات میں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

نوشکی، نصیر آباد، خضدار، کوہلو، ژوب، بارکھان، قلات میں بھی پرچم کشائی کی گئی۔

قلعہ عبداللّٰہ، جنگل پیر علیزئی اور میزئی اڈا بازار میں لیویز فورس نے فلیگ مارچ کیا۔

کے پی میں سوات، نوشہرہ، مانسہرہ، بنوں، باجوڑ، صوابی، شبقدر، جنوبی، شمالی وزیرستان، کرک، مہمند میں بھی پاک فوج کو زبردست انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعائیں کی گئیں۔

قومی خبریں سے مزید