فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں 109 فلسطینی شہید جبکہ 216 زخمی ہوگئے۔
غزہ سے عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا کہ جمعہ کے روز اسرائیلی بمباری میں 93 فلسطینی شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق مارچ میں جنگ بندی کے خاتمے کے بعد اسرائیلی حملوں میں 2 ہزار 985 فلسطینی شہید اور 8 ہزار 173 زخمی ہوئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بربریت کے نتیجے میں سات اکتوبر 2023 سے اب تک 53 ہزار 119 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 20 ہزار 214 زخمی ہوگئے۔
دریں اثنا اسرائیل کا یورپین اسپتال میں حماس کے کمانڈ سینٹر کا دعویٰ جھوٹا نکلا۔ برطانوی اور ترک ٹی وی نے تحقیقات سے ثابت کیا ہے کہ اسرائیل نے نقشے میں اسپتال کے ساتھ جو حماس کی سرنگ بتائی ہے وہ جگہ اور دھماکے کا نشانہ بننے والا اسپتال ایکدوسرے سے کافی دور ہیں۔
اسرائیلی بنکر بسٹر بموں سے خوفناک تباہی ہوئی، اور عورتوں و بچوں سمیت 80 سے زائد افراد شہید ہوئے۔
علاوہ ازیں امریکی صدر ٹرمپ نے غزہ کی صورتحال پر کہا وہاں بہت سے لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، غزہ کے لیے اگلے ماہ تک بہت سی اچھی چیزیں ہونے جا رہی ہیں۔