نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے برطانوی وزیرِ خارجہ ڈیوڈ لیمی نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں دو طرفہ امور اور پاک بھارت جنگ بندی کے بعد کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد میں دفترِ خارجہ آمد پر اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور دفترِ خارجہ کے حکام سے ان کا تعارف کروایا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے برطانوی وزیرِ خارجہ کو پاکستان کے پہلے دورے پر خوش آمدید کہا، ملاقات میں جنوبی ایشیاء کی صورتِ حال، جنگ بندی کے بعد کی پیش رفت پر گفتگو کی گئی۔
وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کارروائیاں پاکستان کی خود مختاری اور اقوامِ متحدہ چارٹر کی خلاف ورزی ہیں۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لمی کا دورہ پاکستان، برطانوی ہائی کمیشن کا اعلامیہ
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لمی کے دورہ پاکستان پر برطانوی ہائی کمیشن نے اعلامیہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا کہ 2021 کے بعد برطانوی وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ دورہ کمزور جنگ بندی کو پائیدار امن میں تبدیل کرنے کی برطانوی کوشش کا حصہ ہے، وزیرخارجہ ڈیوڈ لمی کا پاکستان کا دورہ جنگ بندی کا خیر مقدم کرنے کے لیے ہے، ڈیوڈ لمی کا دورہ واضح کرنے کے لیے ہے کہ تنازع کسی کے مفاد میں نہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ امن اور سلامتی برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات کی بنیاد ہیں، یہ تعلقات برطانوی شہریوں، پاکستانیوں اور خطے کی ترقی اور خوشحالی کا تحفظ کریں گے، برطانوی حکومت نے پاک بھارت جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے، پاکستان اور بھارت برطانیہ کے اہم شراکت دار ہیں، ڈیوڈ لمی نے دورہ پاکستان کے دوران خطے میں مسلسل استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔