• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پوری قوم کے لئے یہ امر انتہائی خوش کن ہے کہ پاک فوج کی جانب سے بھارت کے بزدلانہ حملے کا دندان شکن جواب دینے کے بعد اب کھیلوں کے میدانوں میں بھی خوشیوں کے شادیانے بجنے لگے ہیں۔8مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی حدود میں بھارتی ڈرون مار گرائے جانے کے بعد یہاں ہونے والا میچ ملتوی کر دیا گیا تھا 9دن کے وقفے کے بعد 17 مئی کو اسی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کا میلہ دوبارہ سج گیا ہے۔شائقین کو اب ٹیموں کے درمیان پلے آف کی سنسنی خیز جنگ دیکھنے کو ملے گی جس کا پہلا معرکہ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان ہوا۔وہ شائقین جنہوں نے 8،9،10 مئی کے ٹکٹ خریدے تھے اب وہ ٹکٹیں 17،18 اور 19مئی کے میچوں کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔9مئی کا ٹکٹ راولپنڈی اسٹیڈیم میں آج18 مئی کو کھیلے جانے والے دونوں میچوں کے لیے استعمال ہو سکے گا۔پی ایس ایل کے سامنے جنگی شکست کے بعد آئی پی ایل جو اندھیرے میں ڈوب گئی تھی اس کا حصہ بننے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کے دل سے ابھی تک دھرم شالا کاخوف نہیں نکل سکا اور وہ بھارت جانے سے ہچکچارہے ہیں جبکہ ہمارے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچوں کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں نے ٹیموں کو جوائن کر لیا ہے۔ان میں کئی ایک تو پاکستان سکیورٹی کے بڑے معترف نکلے۔ان کاکہنا ہے کہ انہوں نے کبھی یہاں خود کو غیر محفوظ محسوس نہیں کیا۔پاک بھارت کشیدگی کے دوران ہمارا بہترین انداز میں خیال رکھا گیا۔واضح رہے کہ پی سی بی نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو بحفاظت پاکستان سے رخصت کیا تھا۔پی ایس ایل کا فائنل 25 مئی کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔پچھلے سال کی رنر اپ ملتان سلطانز اس بار پلےآف کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سوا کسی ٹیم نے پلےآف میں تاحال جگہ نہیں بنائی۔اب دیکھتے ہیں کہ ہماکس کے سر بیٹھتا ہے۔

تازہ ترین