پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) سیزن 10 کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جگہ پکی کرلی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 30 رنز سے مات دے دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی، صاحبزادہ فرحان 52 اور آغا سلمان 44 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔
پہلی اننگز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 209 رنز اسکور کیے، اس کی 5 وکٹیں 113 رنز کے اسکور پر گر گئیں تھی، ایسے میں بڑے ہدف کی توقع نہیں کی جارہی تھی لیکن فہیم اشرف اور چندیمل کی عمدہ شراکت کی بدولت اسکور 209 رنز تک پہنچ گیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے فین ایلن 41، ایوشکا فرنینڈ 32 اور فہیم اشرف 45 رنز بناکر پویلین لوٹے لیکن چندیمل نے 48 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی۔
چندیمل اور فہیم اشرف نے چھٹی وکٹ پر 95 رنز کی شراکت قائم کی، دونوں کھلاڑیوں نے اس دوران 6 چھکے اور 8 چوکے لگائے۔
دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سعود شکیل 12، رائیلی روسو 16، حسن نواز 6 رنز تک محدود رہے جبکہ محمد وسیم 1 رنز بناکر ناٹ آؤٹ لوٹے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بین ڈوار شیس، سلمان ارشاد 2،2 عماد وسیم اور شاداب خان نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ کی ٹاس کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب میدان میں اترے۔
ٹاس جیتنے کے بعد سعود شکیل کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیل کر میچ جیت لیں۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، جمی نیشم اور نسیم شاہ میچ کی حتمی الیون کا حصہ ہیں۔
ایلیمینیٹر ون کل لاہور ہی میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان ہوگا۔