• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیٹ مڈلٹن کا نیا مومی مجسمہ مادام تساؤ میوزیم میں نصب

تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

شہزادی آف ویلز کیٹ مڈلٹن کا نیا اور شاندار مومی مجسمہ مادام تساؤ میوزیم لندن میں عوام کےلیے پیش کردیا گیا، جس میں وہ پہلی بار تاج پہنے ہوئے دکھائی گئی ہیں۔

کیٹ کا مومی مجسمہ مکمل طور پر نئے انداز میں تیار کیا گیا، جو 2023ء کے ڈپلومیٹک ریسپشن میں پہنے گئے لباس کی جھلک پیش کرتا ہے۔

کیٹ مڈلٹن کی یہ نئی شکل گلابی رنگ کے جگمگاتے گاؤن اور خوبصورت ٹیارا یعنی تاج کے ساتھ تیار کی گئی، یہ وہی تاج ہے جو شہزادی ڈیانا بھی پہنا کرتی تھیں اور جسے کیٹ نے اپنی زندگی میں کئی بار سر پر سجایا ہے۔

نئے مجسمے میں کیٹ کے شاہی روپ کو مکمل کرنے کےلیے انہیں رائل وکٹورین آرڈر کا نیلا ربن، ملکہ الزبتھ دوم کا شاہی خاندانی آرڈر اور ڈائمنڈ بالیاں بھی دی گئی ہیں۔ یہ تمام اشیاء تفصیل سے شاہی وقار کو اُجاگر کرتی ہیں۔

کیٹ کا مجسمہ شہزادہ ولیم کے مومی مجسمے کے ساتھ نصب کیا گیا، جنہیں بھی ایک نیا روپ دیا گیا۔

مادام تساؤ لندن کے سینئر جنرل مینیجر اسٹیو بلیک برن نے کہا کہ ہمیں بےحد خوشی ہے کہ ہم کیتھرین پرنسز آف ویلز کا نیا مجسمہ رائل پیلس ایکسپیرینس میں پیش کر رہے ہیں، جو ہمارے شاہی خاندان سے دیرینہ تعلق کا تسلسل ہے۔

کیٹ مڈلٹن کا نیا مومی مجسمہ جمعرات، 21 مئی سے مادام تساؤ لندن میں عوام کےلیے دستیاب ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید